صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے عہدیداران کومبارکباد

143
صدر ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے عہدیداران کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں (سی پی این ای)کے نومنتخب عہدیداران ارشاد عارف بطور صدر، انور ساجدی کو سینئر نائب صدر اور اعجازالحق کو سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سی پی این ای کے نئے عہدیداران پاکستان میں میڈیا کی آزادی ، جمہوری اقدار کے فروغ ، انسانی حقوق کے تحفظ اور سماجی اور معاشی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا پاکستان میں اہم سماجی ، سیاسی اور معاشی موضوعات پر لوگوں کو تعلیم دینے اور رائے عامہ کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ پاکستان کو اس وقت بڑھتی ہوئی آبادی ، صحت اور تعلیم کے شعبے میں مسائل ، پانی کی قلت، خصوصی افراد کے حقوق، بریسٹ کینسر، ماحولیاتی تبدیلی اور فیک نیوز جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ۔

صدر ممکت نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ میڈیا ان اہم موضوعات پر نہ صرف لوگوں میں شعور بیدار کرے گا بلکہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ان مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ سی پی این ای کے عہدیدران کو ایک بار پھر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان میں اخبارات کی ترقی، ذمے دارانہ صحافت کے فروغ اور انکے معیار میں مزید بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔