
کراچی ۔ 22 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں ایٹمی توازن قائم کر کے خطے کو کسی بھی قسم کے حادثے سے محفوظ رکھا ہے، پاکستان کی دفاعی پیدوار میں اضافے کا مقصد خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھنا ہے، پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کے سطح پر دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے،خطے کے ممالک کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر عالم انسانیت کو ہمہ گیر تباہی سے بچانے کے لئے دوسروں کے داخلی معاملات میں دخل اندازی سے گریزکرنا چاہیے، علاقائی امن و استحکام کے ذریعے ہی خطے میں ترقی اور خوش حالی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے کراچی میں آئیڈیاز 2016ءکے موقع پر علاقائی امن کی معیشت کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، وزرائے کرام، اراکین پارلیمنٹ، مسلح افواج کے سربراہان اور ڈائریکٹر جنرل ڈی ای پی او میجر جنرل آغا مسعود اکرم کے علاوہ معزز مہمانان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی بہتر معا شی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، یہی وجہ ہے کہ دفاعی پیداوار کی اس نمائش میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ ممالک شرکت کر رہے ہیں۔