صدر مملکت ممنون حسین کا نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے کانووکیشن سے خطاب

131

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کو کامیاب بنانے کے ضمن میں خطے کے ممالک کے درمیان آسان رابطوں کے لیے نئے لسانی تجربات کی ضرورت ہو گی جن کے لیے اردو زبان بہترین بنیادفراہم کرتی ہے، اس سلسلے میں پاکستانی ماہرین لسانیات اور نمل یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بات انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجزکے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو فعال بنانے کے بعد پاکستان میں غیر ملکی تاجروں، صنعت کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کی بڑی تعداد میں آمدو رفت کا سلسلہ شروع ہو تو زبان کے مسائل باہمی رابطے میں رکاوٹ نہ بن سکیں، اسی سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوانِ صدر کے اخراجات میں کمی کر کے نمل کو ایک معقول رقم بطور عطیہ پیش کی تھی تاکہ گوادر میں اس جامعہ کا کیمپس قائم کر کے وہاں کے نوجوانوں کو چینی زبان سکھائی جا سکے۔