
اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاکستانی بری فوج کا سپہ سالار بننے پر مبارک باد دیتے ہوئے اس امیدکا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ان کی قیادت میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گی۔ صدر مملکت نے یہ بات پیر کونئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کا دفاع موجودہ آرمی چیف کی قیادت میں مزید مضبوط ہو گا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مسلح افواج فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے ملک کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ اس لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں ملک میں مکمل امن تک جاری رہیں گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور اس میں اپنے وطنِ عزیز کا دفاع کرنے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں۔انہوں نے صدر مملکت کو یقین دلایا کہ پاکستانی فوج ہر مشکل گھڑی میں عوام کے اعتماد پر پر پورا اترے گی۔