
اسلام آباد ۔ 04 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستان اور سری لنکا کے درمیاں تعاون جاری رہے گا۔ سری لنکا پاکستان کا قابلِ اعتمار دوست ہے جس کی خیر سگالی کی ہم قدر کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات سری لنکن آرمی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اے ڈبلیو جے سی ڈی سلوا سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ جمعرات کو ایوان صد ر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور عالمی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں اس تعاون میں مزید وسعت پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاع کے علاوہ تعلیم، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے تاکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔