صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اومان کے سبکدوش ہونے والے سفیر الشیخ ڈاکٹر محمد عمر احمد المرحون کی ملاقات

119

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور اومان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہوگا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اومان کے سبکدوش ہونے والے سفیر الشیخ ڈاکٹر محمد عمر احمد المرحون سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور اومان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری اور سرمایہ کاری تعلقات مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہوگا، پاکستان اور اومان کے درمیان بہت سے شعبوں میں برادرانہ تزویراتی شراکت داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے، اقدار، عقیدے، روایات اور جغرافیے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 653 ملین ڈالر ہے، اسے مزید بڑھانا چاہیے، پاکستان اور اومان کے درمیان فیری سروس کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ فیری سروس سے پاکستانی مصنوعات اور خوردنی اشیا مشرق وسطیٰ برآمد کرنے میں آسانی ہوگی، فیری سروس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے اس موقع پر بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اسلامو فوبیا کے پرتشدد واقعات میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم اور بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا نوٹس لے، عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔