صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عرب جمہوریہ شام کے وزیر تعلیم کی ملاقات

143

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک شام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، اقتصادی اور کوویڈ 19 جیسے صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرب جمہوریہ شام کے وزیر تعلیم ڈاکٹر داریم تبع سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ مذہب، اقدار اور ثقافت میں ہیں۔ صدر مملکت نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول دمشق میں شامی باشندوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے والا ایک معروف ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سکول شامی طلباء کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم فراہم کرتا رہے گا۔ صدر نے اقتصادی اور کوویڈ 19 جیسے صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر دونوں اطراف نے مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم اور ثقافت میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان شامی طلباء کو پاکستان کے پیشہ ورانہ اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے وظائف کی پیشکش کرے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر داریم تبع نے شامی قیادت کی طرف سے صدر پاکستان کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔