صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا کی ملاقات

66

اسلام آباد ۔ 5 جون (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی اور صدر مملکت کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ ایوان صدر میں عیدالفطر کے حوالہ سے پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ حکام اور سفارتکار برادری کی صدر سے ملاقات کے موقع پر بھارتی ہائی کمشنر نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی انتخابات میں دوسری مرتبہ کامیابی پر بھارتی ہائی کمشنر کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ بطور وزیراعظم مودی کا انتخاب خطہ کے امن، استحکام، معاشی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے حوالہ سودمند ثابت ہو گا۔