صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف بینک الفلاح کی اپیل مسترد کردی

146
President Dr. Arif Alvi
President Dr. Arif Alvi

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بینک بلااجازت آن لائن ادائیگی کا نظام فعال کرنے اور صارف کی بروقت شکایت کو نظر انداز کرنے پر معافی مانگے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ صارفین کو انٹرنیٹ بینکنگ کے فوائد اور نقصانات بارے آگاہ کرنا بینک کی ذمہ داری ہے، بینک الفلاح 66,850 روپے کی کھوئی ہوئی رقم منافع کے ساتھ صارف کو واپس کرے۔ تفصیلات کے مطابق محمد یار (شکایت کنندہ) نے بینکنگ محتسب کو شکایت درج کرائی کہ اس کے کریڈٹ کارڈ پر 66,850 روپے کا گھپلاہوا ، صارف نے بینک کو مطلع کیا کہ اس نے آن لائن خریداری نہیں کی لہٰذا آن لائن ادائیگی کو روکا جائے، بینک نے ابتدائی طور پر رقم واپس کی مگر چھ ماہ بعد بینک نے رقم کریڈٹ کارڈ سے کاٹ لی جس پر صارف نے بینکنگ محتسب کو شکایت کی جس نے رقم واپس کرنے کی ہدایت کی تاہم بینک نے محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی۔

صدر مملکت نے کیس کی ذاتی سماعت کی اور بینک الفلاح کی اپیل کو مسترد کردیا۔ صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شکایت کنندہ انٹرنیٹ/ڈیجیٹل بینکنگ سے واقف نہیں، صارف کو بینک کی جانب کال موصول ہونے پر لین دین کا علم ہوا، غیر مجاز/جعلی لین دین کی فوری اطلاع کر کے صارف کے مفاد کا تحفظ کرنا بینک کا فرض ہے۔

صدر نے کہا کہ صارف کے مفاد کا تحفظ کرنے کی بجائے بینک نے باقاعدہ شکایت کا انتظار کیا، بینک ایس ایم ایس یا ای میل کی صورت میں مطلوبہ معلومات جمع کرانے میں بھی ناکام رہا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اہم ثبوت کی معلومات/دستاویز جمع نہ کرانا عکاسی کرتا ہے کہ یا تو بینک کے پاس ریکارڈ نہیں یا پھر پاسورڈ نہیں بھیجا گیا، بینک الفلاح اسٹیٹ بینک کے مختلف ضوابط/ہدایات کی عدم تعمیل کرتا پایا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے مطابق صارف کی رضامندی حاصل کرنا بینک کی ذمہ داری ہے، سادہ زبان میں الیکٹرانک فنڈز منتقلی کی سہولت بارے صارف کو مطلع کرنا بھی بینک کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینک ثابت نہیں کرسکا کہ انٹرنیٹ بینکنگ کی سہولت صارف کی رضامندی سے فعال کی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بینک الفلاح کی اپیل میرٹ سے عاری ہے اس لئے مسترد کی جاتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بینک صارف سے معافی مانگے اور منافع کے ساتھ کھوئی ہوئی رقم واپس کرے۔