صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بنوں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت

210

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 20 دسمبر کو بنوں میں ہونے والے دہشت گردی کے حملہ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے ٹیلی فون پر تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔

ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ صدر عارف علوی نے صوبیدار میجر خورشید احمد کے ورثاء سے ٹیلی فون پر اظہارِ افسوس کیا،صدر مملکت نے سپاہی سعید احمد کے بھائی سے بھی فون پر رابطہ کیا۔صدر مملکت نے 19 دسمبر کو میران شاہ میں خود کش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے نائیک عابد کے والد سے بھی تعزیت کا اظہارکیا۔

صدر مملکت نے شہدا کو وطن کیلئے خدمات اور جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا،صدر مملکت نے شہدا کی بہادری اور وطن کیلئے قربانی کے جذبے کو سلام پیش کیا۔صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا اور صبر جمیل کی دعا بھی کی۔