اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں زلزلے میں قیمتی جانی ومالی نقصان پرچینی قیادت سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
چین نے حالیہ سیلاب سمیت ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔بدھ کوایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چین کے صوبہ سیچوان میں تباہ کن زلزلے کا سن کر بہت دکھ اور افسوس ہوا،زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور املاک تباہ ہوئیں ،پاکستانی عوام اور اپنی طرف سےچینی قیادت سے دلی تعزیت اور سیچوان کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، انہوں نے اپنے پیاروں کو کھونے والے تمام چینی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔
صدرمملکت نے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاکی۔انہوں نےامید ظاہر کی کہ لاپتہ افراد جلد از جلد اپنے اہل خانہ سے مل جائیں گے ، صدر مملکت نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ زلزلہ زدہ علاقوں کے لوگ جلد اپنے گھر دوبارہ تعمیر کر کے معمول کی زندگی شروع کر دیں گے، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ چینی قیادت اور عوام اپنی ثابت شدہ صلاحیتوں اور استقلال کے ساتھ اس قدرتی آفت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت ِ پاکستان چینی عوام اور حکومت ِ چین کے ساتھ کھڑے ہیں، چینی عوام بھی پاکستانی سیلاب کے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوئے ، ماضی میں بھی چینی عوام اور حکومت قدرتی اور دیگر آفات کے دوران ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے ۔