صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت خصوصی افراد کی پیشہ وارانہ تربیت سے متعلق اجلاس

48

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مارکیٹ ضروریات کے مطابق خصوصی افراد کی ہنر تک رسائی بڑھانے کیلئے بہترین عالمی طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی شعبے خصوصی افراد کیلئے ملازمت کے 5 فیصد کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنائیں، خصوصی افراد کو روزگار دینے سے مالی شمولیت بڑھے گی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے گا۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں ایوان صدر میں خصوصی افراد کی پیشہ وارانہ تربیت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ خصوصی افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ سرکاری محکموں، نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کو ان افراد کی مخصوص مہارتوں کو بڑھانے کے لیے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نیوٹیک سے کہا کہ وہ ہنر کو فروغ دینے کے اپنے پروگراموں کے بارے میں آگاہی پیدا کرے تاکہ لوگوں اور بالخصوص خصوصی افراد کو ان سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

صدر نے تربیتی اداروں پر زور دیا کہ وہ مارکیٹ کی ضروریات کا تعین کرنے کے لیے اچھی شہرت کے حامل قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط قائم کریں۔ چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن نے اجلاس کو اپنے ادارے کی طرف سے خصوصی افراد کی مہارت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیوٹیک نے خصوصی افراد کی خصوصی تربیت کا اہتمام کیا ہے اور اب تک ملک کے مختلف حصوں میں 318 خصوصی افراد کو پیشہ ورانہ تربیت دی جا چکی ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان کا ادارہ خصوصی افراد کو ہنر اور روزگار میں سہولت دینے کے علاوہ ان کی سیکھنے کے وسائل تک رسائی کو بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے ملک کے نوجوانوں اور خصوصی افراد کی ہنر مندی کے فروغ میں نیوٹیک کی کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔