صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم سے ملاقات،نیک خواہشات کا اظہار کیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کے ہمراہ ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات کی اور اس کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔خالد سجاد کھوکھر نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کو وطن عزیز کی ایشین گیمز میں بھرپور نمائندگی کرنے اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے ہرممکن کاوش کو بروئے کار لانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو تحریکی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ میں قوی امید رکھتا ہوں

کہ آپ پاکستان ، پاکستان ہاکی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ایشین گیمز میں بھرپور نمائندگی کریں گے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے۔ صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم میں زیادہ تر جونیئر ہاکی ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں جو اپنا کھیل دکھانے کے لئے پرجوش ہیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن سید حیدر حسین، مینجر پاکستان ہاکی ٹیم برائے ایشین گیمز سعید خان، کوچ اولمپئن دلاور حسین ، ممبر سلیکشن کمیٹی پی ایچ ایف رانا محمد شفیق ، کانگریس ممبر پی ایچ ایف شجاع اقبال راجہ، ڈی ایچ اے راولپنڈی کے عہدیداران شاہد اقبال راجہ، محمد یسین، صدر اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن محمد ارشد سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔