اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے یونیسیف کے نامزد کردہ بچوں کے وفد کی عالمی یوم ِ اطفال کے سلسلے میں ملاقات کی ۔بچوں کا وفد چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بچوں کی نمائندگی کررہا تھا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق وفد کی قیادت پاکستان میں یونیسیف کی پہلی یوتھ ایڈووکیٹ 16 سالہ تقویٰ احمد نے کی۔بچوں کے وفد نے مستقبل کیلئے اپنی امیدوں ، توقعات بارے صدر مملکت کو بتایا ۔ملاقات میں وفد نے بچوں کو درپیش مختلف مسائل اور چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان بچوں کے حقوق اور بہبود کیلئے اقدامات کرنے کیلئے پرعزم ہے،بچوں کو تعلیم، ہنر اور تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،خصوصی بچوں کو باقاعدہ سکولوں میں جامع تعلیم فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نےکہا کہ خصوصی بچوں کو معاشرے کے مرکزی دھارے کا حصہ بنانا ہوگا،خصوصی بچوں کو مہارتوں سے آراستہ کرنے سے انہیں روزگار کے حصول میں مدد ملے گی ۔بچوں نے صدر مملکت سے موسمیاتی تبدیلی، لڑکیوں کی تعلیم، خصوصی بچوں اور ان کو درپیش دیگر چیلنجز کے بارے میں مختلف سوالات پوچھے۔
ملاقات میں بچوں نے صدر مملکت کو اپنے تجربات کے بارے میں بتایا۔ بچوں نے زندگی میں بڑھنے ، پھلنے پھولنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔بعد ازاں بچوں نے بینکنگ سیکٹر سے متعلق ایک کیس میں صدر مملکت کی جانب سے کی گئی سماعت میں بھی شرکت کی۔