صد ر مملکت ممنون حسین کا یوم سیاہ کے موقع پر پیغام

132

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) صد ر مملکت ممنون حسین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں میں تنازعہ کشمیر کے حوالہ سے پرامن، جمہوری اور معقول حل پیش کیا، ہم ایک مرتبہ پھر بھارت سے کہتے ہیں کہ وہ پورے خطہ میں امن و خوشحالی اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ نے علاقہ کے ڈیڑھ ارب سے زائد عوام کو پچھلے سات عشروں سے امن و خوشحالی سے محروم کر رکھا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جاتا ہے، یہ وہ دن ہے کہ جب 1947ءمیں بھارتی افواج غیرقانونی قبضہ کیلئے سرینگر میں داخل ہوئیں اور انسانی تاریخ کا سب سے المناک باب شروع ہوا۔