Election day banner
16.2 C
Islamabad
منگل, دسمبر 10, 2024
ہومتجارتی خبریںصنعتکاری کے بہتر فروغ کیلئے شرح سود کو کم کر کے سنگل...

صنعتکاری کے بہتر فروغ کیلئے شرح سود کو کم کر کے سنگل ڈیجٹ تک لایا جائے، احسن بختاوری

- Advertisement -

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایسوی ایشن کے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کو ان کی مدت صدارت میں ایک سال کی توسیع پر مبارکباد دی۔ وفد نے کہا کہ 22فیصد شرح سود اس وقت انڈسٹری کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے لہذا حکومت سے پرزور مطالبہ ہے کہ اس پر نظرثانی کی جائے جس سے صنعت کاری کو بہتر فروغ ملے گا، برآمدات میں اضافہ ہو گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت جلد بحال ہو گی۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ زیادہ شرح سود کی وجہ سے ہماری صنعت کیلئے بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے جس وجہ سے ہماری برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کا بہترین طریقہ برآمدات میں تیزی سے اضافہ کرنا ہے جس کے لیے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لانا اشد ضروری ہے۔اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر محمد احمد نے کہا کہ صنعتی شعبے کے لیے بینکوں سے اتنی زیادہ شرح سود پر قرضہ لینا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے جس کی وجہ سے صنعتوں کی توسیع رک گئی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی راہ میں بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اس مسئلے کو حل کرنے پر توجہ دے۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت صنعتکاری اور سرمایہ کاری ہرممکن طریقے سے حوصلہ افزائی کرے جس سے معیشت مشکلات سے نکل کر بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار اسلام آباد کے علاقے میں صنعتیں لگانے کے خواہشمند ہیں لیکن نئے صنعتی زون کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہ نئی سرمایہ کاری کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے کیونکہ قومی مفاد کے اس اہم منصوبے کی تکمیل سے معیشت کیلئے متعدد فوائد حاصل ہوں گے۔

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ احسن بختاوری خطے میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے پہلے ہی گورنر پنجاب، پنجاب کے وزیر صنعت، پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کر چکے ہیں اور امید ظاہر کی کہ ان کے بقیہ دور صدارت میں اس منصوبے کو آگے بڑھانے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔

ممتاز صنعتکار خالد جاوید، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، ناصر قریشی، چوہدری وحید الدین،محمد اعجاز عباسی، ناصر خان، عاطف اکرام شیخ، شیخ عامر وحید، کریم عزیز ملک، ثناء اللہ خان، شعبان خالد، افتخار انور سیٹھی، ملک سہیل حسین اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں