صوبائی اور قومی سطح پر مقابلوں سے کھلاڑیوں کی صلاحتیں نکھارنے میں مدد ملے گی، شازہ فاطمہ خواجہ

202

لاہور۔1اگست (اے پی پی):پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ویمن ہاکی ٹیلنٹ ہنٹ لیگ کا رنگ رنگا تقریب میں افتتاح کردیا گیا۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی شازہ فاطمہ خواجہ مہمان خصوصی تھیں۔اس موقع پر قومی ویمنز ہاکی ٹیم کی کپتان رضوانہ یاسمین کو برانڈ ایمبیسیڈر بھی مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شازہ فاطمہ نے کہا کہ 15 اگست سے پنجاب اور سندھ سمیت دیگر صوبوں اور اسلام آباد میں 15 ستمبر سے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اور قومی سطح پر مقابلوں سے پلیئرز کی صلاحتیں نکھارنے میں مدد ملے گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی خواتین کھلاڑیوں کی معاونت بھی حاصل رہے گی۔

شازہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ 12 کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ کا پروگرام بنایا گیا ہے، قومی کھیل ہونے کی وجہ سے ہاکی کو ترجیح دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ بچوں کی کھیلوں کیلئے حوصلہ افزائی کریں، ہاکی لیگ کیلئے رجسٹریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر بشری مرزا نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینے میں یونیورسٹی اہم کردار ادا کرے گی،اس موقع پر سپورٹس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی یونیورسٹی اتھلیٹس اور مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔