پشاور۔ 06 جون (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت پشاور میں عیدالاضحی پر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی، پولیس کے مطابق پلان کے تحت عید الاضحی کے دوران چار ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ترجمان پولیس کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت شہر میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کی خاطر اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، شہر میں ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس ، ٹریفک پولیس اور لوکل پولیس موبائل گشت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی مزید سخت کردی گئی ہے۔
سکیورٹی و ٹریفک پلان کے مطابق شہر کے تمام اہم بازاروں اور شاہراہوں پر پولیس اور لیڈیز پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ مویشی منڈیوں اور شہر میں مشتبہ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی خاطر سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شہر کے گنجان آباد بازاروں میں سنیفر ڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتربند گاڑیاں بھی گشت کریں گی، مویشی منڈیوں میں بھی امن وامان برقرار رکھنے کی خاطر مناسب نفری تعینات کردیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور سکیورٹی کو جامع بنانے کی خاطر تمام ڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں پولیس کو سرائے اور ہوٹلوں میں قیام پذیر افراد پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔