صوبائی میں پی ٹی آئی کا شور شرابہ بری طرح فلاپ ہو گیا، کے پی کے عوام نے تحریک انصاف کی انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا،عظمی بخاری

90

لاہور۔9فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ صوابی میں پی ٹی آئی کا شور شرابہ بری طرح فلاپ ہو گیا ہے ، خیبرپختونخوا کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کی انتشار اور جلا ئوگھیرا ئو کی سیاست کو مسترد کر دیا، وزیر اعلی پنجاب جلدخیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو سکالرشپ فراہم کریں گی۔ اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوابی میں پی ٹی آ ئی والے حکومتی وسائل کے استعمال اور سرکاری ملازمین کی جلسہ گاہ حاضریاں لگا کر بھی 5 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکے، پی ٹی آ ئی کے خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر اپنے پہلے امتحان میں ہی بری طرح فیل ہوگئے ہیں جبکہ وزیر اعلی کے پی کے علی امین گنڈاپور نے حسب روایت بے ہودہ گفتگو کر کے بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے کسی ضلع سے پی ٹی آ ئی کے لوگ نہیں نکلے اور جو نکلے وہ بھی صرف دکھاوے کیلئے گرفتاریاں دینے آئے تاکہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے نمبر بنا سکیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ9 مئی اور26 نومبر کی ناکام بغاوتوں کے بعد عوام اب احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے بھی دیکھ لیا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس اور سکالرشپ مل رہے ہیں، لہذا انہیں بھی یہی سہولتیں ملنی چاہئیں،انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعلی مریم نواز جلد خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی سکالرشپ فراہم کریں گی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ عوام مسلم لیگ (ن)کی قیادت کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ، انہیں معلوم ہو چکا ہے کہ کون سی جماعت ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے اور کون سی عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے ،صوابی میں پی ٹی آئی کا شور شرابہ بری طرح فلاپ ہو گیا ، خیبرپختونخوا کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کی انتشار اور جلا ئوگھیرا ئو کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ ایک طاقتور ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے،دنیا کی کاروباری تنظیمیں موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی معترف ہیں ،ملک ترقی کی جانب گامزن اور معیشت میں استحکام آ یا ہے ،لوگوں کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ، پنجاب کے عوام کو صحت ، تعلیم اور روز گار کے مواقع فراہم کرنا وزیر اعلی مریم نوا ز کا مشن ہے ۔