لاہور۔2جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے اوکاڑہ میں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا،اس موقع پر مشیر وزیراعلی پنجاب مس سلمہ بٹ، ایم این اے ریاض الحق جج،ممبران صوبائی اسمبلی، کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید،ڈی پی او راشد ہدایت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے ماتمی جلوس کے روٹ کے مختلف پوائنٹس پر انتظامات اور سکیورٹی امور کا جائزہ لیا، محرم الحرام کے جلوس کی مکمل کلیئرنس اور سوئپنگ کے سلسلہ میں اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز محرم الحرام کے دوران امن ومان کے قیام سمیت تمام انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں،اس سلسلہ میں ڈویژنز لیول پر میٹنگز کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے، تمام اقدامات کا مقصد عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اور مشیر وزیراعلی سلمہ بٹ کو فرائض کی انجام دہی تفویض کی گئی ہے،محرم الحرام پر طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، سبیلوں کی فراہمی، سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور اربن فلڈنگ کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں، ہر ضلع میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیلز موجود ہیں ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے شیر گڑھ، رینالہ خورد،حجرہ شاہ مقیم اور دیپالپور کے جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔سید عاشق حسین کرمانی نے محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔