21 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومکھیل کی خبریںصوبائی وزیر برائے کھیل وامورِ نوجوانان کی نیدرلینڈز کے سفیر سے ملاقات،...

صوبائی وزیر برائے کھیل وامورِ نوجوانان کی نیدرلینڈز کے سفیر سے ملاقات، ہاکی کے شعبے میں خصوصی تعاون کی خواہش کا اظہار

- Advertisement -

لاہور۔4مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے کھیل وامورِ نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مملکت نیدرلینڈز کے پاکستان میں سفیر ہینی ڈی فریز سے لاہور میں منعقدہ کنگز ڈے کی تقریب میں شرکت کے موقع پر اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد کھیلوں کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔

وزیر کھیل نے اس موقع پر پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے محکمہ کھیل کے اقدامات پر روشنی ڈالی،بالخصوص وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں جاری منصوبوں کا ذکر کیا، جو کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، نوجوانوں کی شرکت کو فروغ دینے اور روایتی کھیلوں کی بحالی کے لیے ترتیب دیئے گئے ہیں۔

- Advertisement -

صوبائی وزیر نے نیدرلینڈز کے ساتھ ہاکی کے شعبے میں خصوصی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی تربیت، کوچنگ اور اسپورٹس سائنس جیسے شعبوں میں تکنیکی اشتراک اور تبادلہ پروگرامز کے امکانات پر زور دیا۔ اس موقع پر معروف ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورس جان بوویلینڈر اور پاکستان کے ممتاز اولمپئن توقیر ڈار نے بھی ہاکی کے فروغ، کھلاڑیوں کی رہنمائی اور نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت کے حوالے سے اپنے تجربے کی بنیاد پر مختلف تجاویز پیش کیں۔

نیدرلینڈز سفیر ہینی ڈی فریز نے ان تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کھیلوں کی بنیاد پر شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی شراکت داریاں کھیلوں کے ذریعے دوستی، تعاون اور اعلی کارکردگی کے پل بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے پنجاب حکومت کی نوجوانوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا اور آئندہ تعاون پر امید ظاہر کی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا جو آئندہ کے لائحہ عمل اور عملی اقدامات کی منصوبہ بندی کرے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592153

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں