لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان سے پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے عہداران نے ٹرانسپورٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ایسوسی ایشن کے عہداران نے منی مزدا گڈز ٹرانسپوٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے گڈز ٹرانسپوٹرز کو درپیش مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور سیکرٹری پی ٹی اے کو فوری ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ اس دوران بلال اکبر خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپوٹرز سمیت تمام دیگر ٹرانسپوٹرز کو بھی درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور بخوبی سمجھتے ہیں کہ ملکی ترقی کو رواں رکھنے کیلئے ٹرانسپوٹرز کی گاڑیوں کا پہیہ رواں رکھنا بہت ضروری ہے اس لیے ہم قانون کے مطابق گڈز ٹرانسپوٹرز کو درپیش تمام مسائل حل کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسپوٹرز کے ساتھ بلاجواز زیادتی کرنے والے افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور بلاوجہ گاڑیوں کو بند کرنے یا جرمانے وغیرہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515312