لاہور۔10اپریل (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور سمیت صوبہ بھر سے اب تک 7633 غیر قانونی مقیم افراد ڈی پورٹ کروائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو اس حوالے سے جاری بیان میں کہاکہ مہم کے دوران 8839 سے زائد غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ سینٹرز پہنچایا جبکہ 1206 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔آئی جی پنجاب پولیس نے بتایاکہ لاہور میں 5، صوبے بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم ہیں، دیگر ممالک کی طرح انٹرنیشنل قوانین کے تحت ڈی پورٹیشن پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ89 ہزار کے قریب غیر قانونی مقیم افراد کا تمام ڈیٹا موجود ہے، وفاقی حکومت اور حساس ادارے غیر قانونی مقیم باشندوں کی ڈی پورٹیشن مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، تمام غیر قانونی مقیم شہریوں کا انخلا یقینی بنا رہے ہیں، سکیورٹی ہائی الرٹ ہے،انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین کے انخلا کے عمل میں تیزی لائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580232