کوئٹہ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر قادر بخش بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شرح خواندگی میں اضافے اور سرکاری سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے سو روزہ پلان پر بلا تاخیر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ،نگران حکومت کے دستیاب وقت میں ہونے والے یہ اقدامات فروغ تعلیم کی جانب ایک غیر معمولی اور تاریخی پیش رفت ثابت ہوں گے جس کے دیرپا ثمرات سے بلوچستان کے تمام دور افتادہ علاقوں کے وہ غریب لوگ مستفید ہوں گے جن کا انحصار سرکاری تعلیمی اداروں پر ہے ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، وزیر تعلیم ڈاکٹر قادر بخش بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے ہر ضلع سے دو میل اور ایک فیمل پرائمری اسکول منتخب کیا جاررہا ہے جنہیں اپ گریڈ کرکے مڈل لیول تک لایا جائے گا ،ہماری کوشش ہوگی کہ اپ گریڈیشن کے اس منصوبے میں ہر ضلع سے مزید ایک ایک فیمل پرائمری اسکول مزید شامل کیا جائے تاکہ ہر ضلع میں مجموعی تعداد چار ہو جائے اس کے علاوہ ہر ضلع میں ایک ماڈل اسکول بنایا جاررہا ہے اس مقصد کے لئے ہر ڈسٹرکٹ سے پانچ اسکولوں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی پسند نہ پسند کے بجائے خالصتاً میرٹ پر ماڈل اسکول کی درجہ بندی ممکن ہوسکے اور نامزد اسکول متعین کردہ کرائیٹیریا پر پورا اترتا ہو
،انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اسکولوں خصوصاً بچیوں کے اسکولوں میں پانی ، ٹوائلٹ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان سہولیات کی بلا تاخیر اور فوری فراہمی کے لئے وسائل کا بندوبست کیا جائے ،انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ترقی تعلیم کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات ایک مہینے کے اندر اندر نظر آنا شروع ہو جائیں گے اور عوام شعبہ تعلیم میں ایک نمایاں اور مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=388853