ساہیوال۔ 21 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی کی صورتحال، اور مریضوں کو دی جانے والی مفت ادویات کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل اور پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ہسپتال کے مختلف وارڈز بشمول میڈیکل، سرجیکل اور ایمرجنسی وارڈز کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولتوں، عملے کے رویےاور فراہم کی جانے والی مفت ادویات کے متعلق براہ راست استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنرشاہد محمود نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی مفت ادویات کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ادویات کی بروقت اور شفاف فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ہسپتال انتظامیہ کو تاکید کی کہ مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپنایا جائے اور تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انہیں ممکنہ بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نےواضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔