بھکر۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں بجلی چوری میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے شہری اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس سلسلے میں اپنے آفس میں ایک شکایت سیل قائم کر دیا ہے جو 24 گھنٹے فنکشنل رہے گا اور اس شکایت سیل کے عملہ کی بنیادی ذمہ داری میں شامل ہوگا کہ ضلع بھر میں کسی بھی جگہ بجلی چوری کی شکایت درج کرنے کے بعد فوری طور پر مجھے انفارم کرے ۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ بجلی چوروں کا بل شہری ادا نہ کریں بلکہ بجلی چور قانون کے شکنجے میں جکڑے جائیں اور ان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی ہو تاکہ آئندہ یہ اس قسم کے کام سے باز رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف خصوصی اختیارات ملنے کے بعد بجلی چوروں کا قلع قمع کرنا ہی میری اولین ترجیح ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=388505