ضمنی الیکشن میں ہار سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ضمنی الیکشن میں ایک یا دو سیٹیں جیت لینے سے قومی رائے عامہ کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

86
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ہار سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ضمنی الیکشن میں ایک یا دو سیٹیں جیت لینے سے قومی رائے عامہ کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، پاکستان کے پارلیمانی سسٹم میں تعلیم کی کوئی قدغن نہیں ہے، قانون کی نظر میں تمام ممبران برابر ہیں، مانتے ہیں مہنگائی بڑھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں ضرور اضافہ ہوا ہے، روپے کی قدر کم ہونے کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے، مہنگائی کی زیادہ ذمہ داری صوبائی حکومتوں پر آتی ہے، اگر پنجاب میں ہماری حکومت ہے تو ہماری ذمہ داری ہے اور اگر سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے تو وہاں پیپلز پارٹی مہنگائی کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہار سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پنجاب میں بہت سے ضمنی الیکشن میں سے بعض حلقوں میں ہمارے ووٹ بڑھے اور بعض میں کم بھی ہوئے، ضمنی الیکشن میں کوئی ایک یا دو سیٹیں جیت لینے سے قومی رائے عامہ کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز کہتی تھیں کہ ان کی لندن میں کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، مریم نواز نے اپنی زندگی میں ایک منٹ کے لئے بھی کوئی نوکری تک نہیں کی، مریم نواز عدالت سے نا اہل قرار دی گئیں، مریم نواز نے ایک جعلی ٹرسٹ ڈیڈ عدالت میں جمع کروائی اور وہ عدالت سے سزا یافتہ ہیں، مسلم لیگ (ن) کو عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے چاہئیں، اگر ان کے خلاف فیصلہ آ جائے تو یہ عدلیہ پر حملہ آور ہوتے ہیں اور عدلیہ کے خلاف بیان بازیاں کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پارلیمانی سسٹم میں تعلیم کی کوئی قدغن نہیں ہے، قانون کی نظر میں تمام ممبران برابر ہیں، اس لئے جب لوگ منتخب ہو کر آتے ہیں تو ان کو پورٹ فولیوز بھی ملتے ہیں، قانونی طور پر تعلیم کے حوالے سے کوئی قدغن نہیں ہے لیکن میری ذاتی رائے کے مطابق اس پر نظرثانی کرنی چاہیے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے، مسلم لیگ (ن) نے ایک انگوٹھا چھاپ انسان حاجی محمد بوٹا کو وزیر تعلیم بنایا تھا، ہمیں اس طرح کی روش کو ختم کرنا چاہیے اور پڑھے لکھے لوگوں کو آگے لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہمیشہ جھوٹ بولتی ہیں، مریم نواز کے گلے میں ایک چھوٹا سا ٹیومر ہے اور اس طرح کے پاکستان میں ہزاروں آپریشن روزانہ ہوتے ہیں، اپوزیشن نے 35 سالہ دور حکومت میں کوئی ایک ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کی بیماریوں کا علاج ہو سکے، اپوزیشن والے دوسروں کو کہتے ہیں کہ ان کو پاکستان کا خیال نہیں جبکہ خود نواز شریف اور ان کے بیٹے ملک سے باہر بیٹھے ہیں اور ان پر تو پاکستان کا قانون بھی نافذ نہیں ہوتا۔