مکہ مکرمہ۔22جون (اے پی پی):سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے عازمین حج کی سہولت کیلئے پہلی مرتبہ آزمائشی بنیادوں پر حج سیزن کے دوران جدید ٹیکنالوجی کی حامل ماحول دوست خود کار الیکٹرک بسیں چلانے کا انتظام کیا ہے، الیکٹرک بسیں چلانے کا مقصد عازمین حج کی آسانی کیلئے سفر کو آرا م دہ اور مفید بنانا ہے۔ خود کار بسیں پہلے سے طے شدہ راستے پر کسی انسانی مداخلت کے بغیر کام کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت، کیمروں اور ارد گرد کے سینسر کے ذریعے آپریٹ ہوتی ہیں۔
سفر کے دوران مسافروں کی حفاظت اور گاڑیو ں کی نقل و حرکت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا گیا ہے، ہر بس میں 11 سیٹیں ہیں اور فی چارج 6 گھنٹے چلتی ہے اور اس کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔ اس سروس کا مقصد حجاج کی نقل و حمل میں سہولت فراہم کرنا اور حج کے دوران ان ٹیکنالوجیز کے استعمال کی فزیبلٹی کا جائزہ لینا ہے، اس کا مقصد آنے والے برسوں میں ان کے کمرشل آپریشن کے ضروری تقاضوں کا بھی اندازہ لگانا ہے۔
الیکٹرک بسوں کی یہ سہولت مختلف اور متنوع آپشن کی فراہمی کے ذریعے حجاج کرام کیلئے سفر کیلئے منفرد تجربے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے جامع خصوصیات کی عکاس ہے تاکہ عازمین حج سکون کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں اور انہیں آمدورفت میں کسی قسم کی دقت اور پریشانی نہ ہواور باآسانی مناسک حج ادا کر سکیں۔