عالمی ادارہ صحت کا افریقی ممالک میں ملیریا پر قابو پانے کے لیے مسلسل جدت ، سرمایہ کاری میں اضافے پر زور

56
، عالمی ادارہ صحت

جنیوا۔26اپریل (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے افریقی ممالک میں ملیریا پر قابو پانے کے لیے مسلسل جدت اپنانے اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور د یا ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ نے ڈبلیو ایچ او کے حوالہ سے بتایا کہ افریقی ممالک گھانا، کینیا اور ملاوی میں 10 لاکھ سے زیادہ بچوں کو دنیا کی پہلی ملیریا ویکسین لگائی گئی ہے۔

اگر ملیریا ویکسین کا استعمال وسیع پیمانے پر کیا جائے توہر سال اندازاً 40 ہزار سے 80 ہزار افریقی بچوں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں ۔ ڈبلیو ایچ او کی 2021 کی عالمی ملیریا رپورٹ کے مطابق حالیہ سالوں میں ملیریا کے کیسز اور اموات کو کم کرنے میں عالمی سطح پر کی گئی پیشرفت سست رہی خاص طور پر ان ممالک میں جو اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگر دنیا کو ڈبلیو ایچ او کی ملیریا بارے حکمت عملی کے 2030 کے اہداف کو حاصل کرنا ہے تو انہیں نئے طریقہ کار ، تحقیق اور ترقی میں مسلسل جدت لا نا ہو گی ۔ اہداف کے حصول کے لیے ڈبلیو ایچ او نے 2021 سے 2030 تک ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ(آر اینڈ ڈی) میں اوسط سالانہ 851 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی درخواست کی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے نئی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ملیریا کے خلاف موجودہ آلات کے بہتر استعمال پر بھی زور دیا ہے۔