اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):عالمی بینک نے سندھ میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی معاونت کیلئے 1.692 ارب ڈالرمالیت کے پانچ منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، یہ فیصلہ عالمی بینک کے انتظامی بورڈ کے اجلاس میں کیاگیا۔ان میں سے تین منصوبے بحالی، مکانات کی تعمیر اور فصلوں کی پیداوار کی بحالی جب کہ دیگر دو منصوبے ماؤں اور بچوں کے لیے صحت کی خدمات میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے کہاہے کہ سندھ 2022 کے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے۔ حالیہ شدید بارشوں اورسیلاب سے رہائش، صحت اور زراعت کے شعبوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا اور لوگوں کا روزگار متاثرہوا ۔انہوں نے کہاکہ تباہ شدہ مکانات اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور تعمیر نو کے علاوہ، سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں میں عالمی بینک پاکستان کے ساتھ معاونت فراہم کررہاہے۔ عالمی بینک کے اعلامیہ کے مطابق سندھ فلڈ ایمرجنسی بحالی پراجیکٹ کے تحت 500 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اس پراجیکٹ کے تحت تباہ شدہ بنیادی ڈھانچہ کی بحالی، قلیل مدتی روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور آفات سے نمٹنے کے لیے حکومتی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبہ آبپاشی اور سیلاب سے بچاؤ کے اہم انفراسٹرکچر، واٹر سپلائی سکیموں، سڑکوں اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور بہتری میں مدد کرے گا۔منصوبہ سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں کم از کم 20 لاکھ افراد، جن میں سے تقریباً 50 فیصد خواتین شامل ہیں سے مستفید ہوں گے۔ کمیونٹی لیول کیش فار ورک پروگرام کے تحت ایک لاکھ گھرانوں کو قلیل مدتی انکم سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک کے اعلامیہ کے مطابق سندھ فلڈ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ کے تحت 500 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کی جائے گی۔منصوبہ کے تحت موسمیاتی لحاظ سے موزوں تعمیرات میں مددفراہم کی جائے گی۔ منصوبہ کے تحت 350,000 ہاؤسنگ یونٹس کے لیے تعمیر نو اور بحالی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق سندھ واٹر اینڈ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کے تحت 292 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبہ کے تحت زرعی و پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائیگا ، پانی کے مربوط وسائل کے انتظام کو بہتر بنایاجائے گا جبکہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو فصلوں کی پیداوار کو بحال کرانے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے سے تین لاکھ 85 ہزار گھرانے مستفید ہوں گے۔
سندھ سٹرینتھننگ سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری سسٹم پراجیکٹ کے تحت 200 ملین ڈالر اور سندھ انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پروجیکٹ کے تحت بھی 200 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ان منصوبوں سے سماجی تحفظ کے پروگراموں کومربوط بنانے اوربنیادی تولیدی صحت، زچگی، نوزائیدہ، بچے اور نوعمروں کی صحت اور غذائیت کی خدمات کے معیار اور استعمال دونوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ان منصوبوں سے منصوبہ دور دراز اور نیم شہری علاقوں میں منتخب سرکاری ڈسپنسریوں کی آبادی خصوصاً خواتین، لڑکیوں اور بچوں اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ بستیوں کے لیے معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی کو بہتربنا یاجائیگا۔ اعلامیہ میں عالمی بینک نے حالیہ سیلاب کی ہنگامی صورت حال سے نکلنے اور اس طرح کی موسمیاتی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت پاکستان اور عوام کی مدد جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاگیاہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=342414