اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی معیشت کو درپیش خطرات کی روک تھام اور نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے نئی سوچ اور جرأت مندانہ وژن کی ضرورت ہے۔
پیر کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ معیشت کو درپیش مشکلات پر قابو پانے اور نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے نئی سوچ اور جرأت مندانہ وژن اختیار کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشتوں کو نقصان پہنچانے والی عالمی کساد بازاری سے معیشت کو لاحق خطرات بارے شدید خدشات ہیں، وبا اور آب و ہوا سے پیدا ہونے والی آفات نے پہلے ہی ترقی پذیر ممالک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، وقت آ گیا ہے کہ دنیا بامقصد مذاکرات کے ذریعے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کرے۔