فیصل آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی):وائس چانسلرگورنمنٹ کالج پ ویمن یونیورسٹیروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی زیر صدارت شعبہ ریاضی نے عالمی یومِ ریاضی (پائی ڈے) کی تقریبات منعقد کیں۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ عالمی یومِ ریاضی کی تقریب تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں کا حسین امتزاج ہے،کامیابی کے لیے ایمانداری، لگن اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاضی کوبظاہر ایک خشک مضمون سمجھا جاتا ہے لیکن حقیقت میں یہ ایک مکمل اور دلچسپ دنیا ہے اور اس تقریب میں لگائے گئے سٹالز اور سرگرمیوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پیشکش کا انداز متاثرکن ہونا چاہیے۔
قبل ازیں دن کی مناسبت سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر نے تقریب کے انعقاد پر شعبہ ریاضی کی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر کو شعبہ ریاضی کی جانب سے ہاتھ سے بنا دوپٹہ پیش کیا گیا جس پر ریاضی کی علامات مزین تھیں،یہ تحفہ ان کی شعبے کے لیے گرانقدر خدمات اور خواتین ریاضی دانوں کی حوصلہ افزائی کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔
تقریب میں مہمانِ اعزاز کے طور پر ڈاکٹر محسن رضا اور ڈاکٹر عمران چوہدری (شعبہ ریاضی جی سی یو ایف) نے شرکت کی۔ تقریب سے دو بین الاقوامی ماہرینِ ریاضی نے جدید رجحانات پر خصوصی لیکچرز دیے جس نے طالبات کے علمی سفر کو مزید وسعت دی اور انہیں ریسرچ کے نئے مواقع سے روشناس کروایا۔ تقریب میں طا لبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ریاضی کے نمونوں پر مبنی ڈیزائن،جیولری اور مہندی کے مختلف اسٹالز لگائے۔ علاوہ ازیں ریاضی کے ماڈلز اور نظریات کی نمائش کے لئے طالبات نے عظیم ریاضی دانوں جیسے ارشمیدس، اقلیڈس، نیوٹن اور رامانوجن کے کردار ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات اور سائنسی کامیابیوں کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ وائس چانسلر نے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اور طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ آخر میں تمام شرکا کو سرٹیفکیٹس دیے گئے جبکہ کوئز اور دیگر سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والی طا لبات کو انعامات سے نوازا گیا۔
کامیاب تقریب کے انعقاد پر شعبہ ریاضی کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اکرم اور ان کی ٹیم کی محنت، قیادت اور لگن کو سراہا گیاجاتا ہے جن کی کاوشوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572601