عالم اسلام کو ایک آواز ہو کر توہین آمیز خاکوں کی جسارت کے دفاع کا جواب دینا چاہیئے، ڈاکٹر نور الحق قادری

119
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سارے عالم اسلام کو ایک آواز ہو کر فرانس کی حکومت اور صدر کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کی جسارت کے دفاع کا جواب دینا چاہئے، آزادی اظہار رائے کی کچھ حدود و قیود ہوتی ہیں، اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی وقت کا اہم تقاضا ہیں۔ وہ پیر کو یہاں جامع مسجد نیشنل پریس کلب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے مسجد کی تعمیر کے لئے آباد فائونڈیشن اور نیشنل پریس کلب کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کا اسلامی معاشرے میں اہم کردار ہے، ماضی میں مساجد میں سائنسی علوم کی تعلیم دی جاتی تھی اور مسجد سے ہی فلاح کے پیغام دیئے جاتے تھے مگر عہد حاضر میں ہم نے مساجد کو مختلف قسم کی تفرقوں کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ واقعی ہمارے ملک میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب توجہ دی جانی چاہئے۔ مسلمانوں کی اندرونی تفرقوں نے ہمیں برباد کر دیا ہے، ان اختلافات سے ہم نکل گئے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں مٹا نہیں سکے گی۔ ہندو، سکھ اور عیسائیوں سے ہمارا انسانیت کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس سعودی خاتون نے ہمیں مسجد کا یہ تحفہ دیا ہے ہم اس کے شکرگزار ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا رشتہ بھی مسجد الحرام اور مسجد نبوی کا ہے، یہ رشتہ نہ ٹوٹنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی حکومت اور صدر گستاخانہ خاکوں کا دفاع اور اسلام پر تنقید کر رہے ہیں، آزادی اظہار رائے کی کچھ حدود و قیود ہوتی ہیں، ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین اور صحافیوں کو بھی اس صورتحال کے سدباب کے لئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الازہر نے کہا ہے کہ مسلم لائرز فورم کے ذریعے قانونی چارہ جوئی کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے متعدد سربراہان مملکت جو خطوط ارسال کئےہیں، وہ عالمی لیڈروں کے ساتھ فون پر بات کریں گے، سارے عالم اسلام کو اس سلسلے میں مل کر اپنے موقف کا اظہار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر عالم اسلام میں سب سے پہلے رجب طیب اردگان اور وزیراعظم عمران خان کی آواز آئی ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ایسی حرکتوں کا سدباب کیا جا سکے۔