اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین نادرا محمد طارق ملک اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین نادرا نے وزیرِ اعظم کو نادرا کے امور کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نےوزیراعظم کو بتایاکہ رواں سال 14 اگست تک نادرا تحصیل سطح پر 46 نئے سینٹرز کھولے گی جو عام آدمی کی نادرا تک رسائی یقینی بنائیں گے۔
مزید نادرا ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے تحت سٹارٹ اپس کی معاونت کیلئے انو ویٹیو اپلیکیشنز متعارف کرائے گا اور ایف بی آر کی ٹیکس بیس بڑھانےۚ میں بھی معاونت کرے گا۔ وزیرِ اعظم نے نادرا کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔