عام آدمی کی آسانی کیلئے مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں،حمزہ شہباز

49

لاہور۔15مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز جلد ہی عوام کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔وزیر اعلی حمزہ شہبازنے چیف منسٹر ریلیف پیکیج کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آٹے، گھی اور چینی سستا کرکے عام آدمی کو حقیقی ریلیف دیں گے۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی، افسوس عمران نیازی صرف سہانے خواب دکھاتے رہے،جس دن سے عہدہ سنبھالا ہے، عام آدمی کی آسانی کیلئے مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو گرانفروشی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے،اضلاع میں دورے کر کے خود اشیائے خورد ونوش کے نرخ چیک کروں گا ،عوام کی خدمت کے سوا ہماری کوئی ترجیح نہیں ،افسران اور سرکاری اہلکار اللہ کی رضا کیلئے مہنگائی کوکم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کر دار ادا کریں ،یہ ریلیف پیکج اللہ تعالی کی مخلوق کو راضی کرنے کی حقیر سی کوشش ہے۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اتوار کے روز وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکیج کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب بھر میں 1000 ہزار سے زائد فیئرپرائس شاپس قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا،اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، ندیم کامران، چودھری محمد اقبال، بلال یاسین، رمضان صدیق بھٹی، ذیشان رفیق، ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔