عام انتخابات کا انعقاد اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا واحد اختیار ہے، نگران وفاقی وزیر قانون

156
نگران وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی اور صوبائی وزراء قانون نے جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا واحد اختیار ہے، فیڈریشن کو مضبوط بنانے، تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانےکے لئے قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔

بدھ کو وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء قانون کنور دلشاد (پنجاب)، محمد عمر سومرو (سندھ)، ارشد حسین شاہ (خیبر پختونخوا)،امان اللہ کنرانی (بلوچستان)نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس دوران تمام وزراء قانون نے جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئین کو مجموعی طور پر پڑھا جانا چاہئے اور آئین کی کسی بھی شق کو دیگر متعلقہ دفعات کو الگ کر کے نہیں پڑھنا چاہئے۔ آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا واحد اختیار ہے۔

صوبائی وزراء قانون نے اس بات پر زور دیا کہ فیڈریشن کو مضبوط بنانے، تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے اور مختلف انتخابات کی تاریخوں پر سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے قومی خزانے پر پڑنے والے غیر ضروری مالی بوجھ سے بچنے کے لئے عام انتخابات اور قومی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آئینی ادارہ ہے۔

ریاست کے تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی خودمختاری اور حلقہ بندیوں کی حد بندی اور انتخابی شیڈول کے تعین میں اس کے اختیار کا احترام کریں۔بحث میں جمہوری طرز حکمرانی کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا گیا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں جمہوری اور جامع انتخابی ماحول کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔