22.1 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںعدلیہ کا کام عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے ،...

عدلیہ کا کام عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے ، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 26 اگست (اے پی پی):چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان ایک روزہ دورے پر گزشتہ روز لورالائی پہنچے جہاں انہوں نے سیشن کورٹ لورالائی کے احاطے میں ویڈیو لنک کے لیے مختص کردہ کورٹ روم کا افتتاح کیا جس کے تحت ڈیڑھ ماہ کے اندر لورالائی کے وکلاء کو ویڈیو لنک کی سہولت دستیاب ہو گی۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر جج جناب جسٹس ہاشم خان کاکڑ سیکرٹری ایجوکیشن عبدالروف بلوچ,سیکرٹری صحت اسفند یار خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈی جی پی آر بلوچستان کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت عالیہ بلوچستان کے فیصلے اس بات کی عکاس رہے ہیں کہ ہم کبھی کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے ہیں نہ ہی کبھی کمپرومائز کیا ہے اور نہ تعصب کا شکار ہوئے ہیں ہم نے ہمیشہ دلیری کے ساتھ فیصلے کیے ہیں – انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کام عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے آئین میں جو بنیادی حقوق دیے گئے ہیں جن کی ضمانت بھی دی گئی ہے اگر ان کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو دادرسی کے لیے ہائی کورٹ موجود ہے ،جناب جسٹس نعیم اختر افغان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے ایک ادارے کے طور پر ہماری نیت عام آدمی کی بھلائی کے لئے کوشش کرنا ہے اور عوام کی انصاف تک رسائی کو آسان بنانا ہے،

- Advertisement -

اسی طرح نظام میں جتنی بہتری لائی جا سکتی ہے وہ لے کر آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لورالائی بار کی دعوت پر یہاں آئے ہیں بار اور بینچ کے تعاون سے عوام کو جلد انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے وکلاء پر زور دیا کہ مقدمات کے غیر ضروری التوا سے گریز کریں ۔انہوں نے وکلاء سے گزارش کی کہ وہ اپنا کام تندہی سے سر انجام دیں اور مطالعے کی عادت اپنائیں – انہوں نے وکلا کے مسائل کے لیے دستیاب وسائل سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی- چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے اس موقع پر لورالائی بار کے لیے تین لاکھ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا -تقریب سے بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر جج محمد ہاشم خان کاکڑ و دیگر نے بھی خطاب کیا –

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان نے بعد ازاں ڈسٹرکٹ جیل لورالائی کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقاتیں کی اور ان کے مسائل دریافت کیے اور فوری نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کی- انہوں نے نئے ڈسٹرکٹ جیل کے ساتھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ کی مجوزہ بلڈنگ کے لیے 12 ایکڑ اراضی کا بھی انتخاب کیا اور عملہ مال کو الاٹمنٹ کے لیے احکامات جاری کیے –

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے دورہ لورالائی کے موقع پر ان کے ہمراہ موجود بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر جج جناب جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ نے بھی لورالائی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا جن میں انسداد منشیات ہسپتال لورالائی یونیورسٹیگرلز بی آر سی کالج سر فہرست ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد اصغر اوتمان خیل نے انہیں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی-

جناب جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور کام کے معیار پر بھی کمپرومائز نہ کیا جائے انہوں نے کمشنر لورالائی کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کر کے انہیں رپورٹ جمع کرائی جائے۔ قبل ازیں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جب لورالائی پہنچے تو پولیس کے چاق وچوبند دستہ نے انہیں گارڈ آف اونر پیش کیا اور سلامی دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382997

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں