27.7 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںعربی سیکھنا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے، پاکستان میں عربی ادب...

عربی سیکھنا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے، پاکستان میں عربی ادب کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، مددعلی سندھی

- Advertisement -

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ عربی سیکھنا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے، پاکستان میں عربی ادب کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے "بیسویں صدی کے دوسرے نصف میں عربی ناول کے جدید رجحانات” کے موضوع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں یہ کانفرنس ایک منفرد اور اہم ترین موضوع پر ہے جس کے انعقاد پر میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ یہ کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے اور باقی کانفرنسوں سے بالکل منفرد ہے،جدید عربی ناول سے ہمارے لوگ ناواقف ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کانفرنس میں شرکت پر وفاقی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم خود ایک جانی پہچانی علمی شخصیت ہیں، تحقیق اور علم کے میدان میں ان کا تعارف کسی چیز کا مختاج نہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ دنیا بھر کے اسلامی سکالرز اِس کانفرنس میں شریک ہیں جواپنے تحقیقی مقالوں کے ذریعے عرب معاشرے کی حقیقی تصویر کشی کریں گے۔ وائس چانسلر نے اس امید کا اظہار کیا کہ کانفرنس میں غیر ملکی سکالرز کی سیر حاصل گفتگو عربی ادب کے فروغ کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ عرب کی اپنی ایک تاریخ ہے اور ان کی زبان بہت وسیع ہے جس کی وجہ سے عرب معاشرہ اپنی تہذیب و ثقافت سے جڑاہوا ہے۔افتتاحی سیشن سے بین الاقوامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف عربی زبان کے سینئر استاد ،پر وفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن عاصم، اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی آف عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، شعبہ عربی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالمجید بغدادی نے بھی خطاب کیا۔

عربی ناول میں جدید رجحانات پر دو روزہ اس عالمی کانفرنس کے دونوں دن متوازی سیشنز ہوں گے۔ اختتامی تقریب (آج)جمعرات 14 دسمبرکو منعقد ہوگی جس میں کانفرنس کی سفارشات پیش کی جائیں گی۔ کانفرنس کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ عربی(کلیہ عربی و علوم اسلامیہ)نے کیا تھا۔اس کانفرنس میں عراق، سعودی عرب، مراکش،مصر، اردن، تھائی لینڈ، ملائیشیا، عمان، الجیریا، نائیجیریا اور شام کے13 سکالرز فزیکلی جبکہ 15انٹرنیشنل سکالرز آن لائن شریک ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419507

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں