علاقائی ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں اضافہ ریکارڈ

57

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):علاقائی ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 19.79 فیصدکی شرح سے نموریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق افغانستان،چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اورمالدیپ کو 3.823 ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جوپاکستان کی مجموعی برآمدات کا 14.24 فیصدہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں علاقائی ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 2.685 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔علاقائی ممالک میں چین پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے سرفہرست کے ممالک میں شامل ہیں، چین کوجاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 2.342 ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.72 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو1.641 ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔افغانستان کوپاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 47.36 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

جاری مالی سال کے دوران افغانستان کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 436.18 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 826.74 ملین ڈالرتھا۔ سری لنکا، نیپال اورمالدیپ کوپاکستان کی برآمدات کا حجم بالترتیب 312.40 ملین ڈالر، 5.063 ملین ڈالراور5.719 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔

اعدادوشمارکے مطابق علاقائی ممالک سے درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی کی اسی مدت کے مقابلہ میں 37.69 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔ جولائی سے اپریل تک کی مدت میں علاقائی ممالک سے درآمدات کاحجم 14.80 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں علاقائی ممالک سے 10.75 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

چین اس حوالہ سے سرفہرست علاقائی ممالک میں شامل ہیں جہاں سے درآمدات کاحجم 14.36 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10.31 ارب ڈالرتھا۔