سیالکوٹ۔ 19 فروری (اے پی پی):ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ سیالکوٹ نجم الحسن نے کہا ہے کہ علاقہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ، عوام کو تحفظ کی فراہمی، منشیات کا خاتمہ اور امن وامان برقرار کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ،عوام کو تحفظ کی فراہمی اور امن وامان کو برقرار رکھنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی پی اوسیالکوٹ فیصل شہزاد اور ایس ڈی پی او سرکل سجاد احمد باجوہ کی زیر نگرانی تھانہ ائیرپورٹ کی حدود سے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے حوالے سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور جرائم کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ موت کے سوداگروں منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور ان کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ایس ایچ او نے مزید کہا کہ علاقہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تھانہ ائیر پورٹ کی حدود میں گشت کے نظام کو مزید بہتر اور فعال بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانونی طور پر آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ سائلین کو میرٹ پر انصاف کی فراہمی اولین فرض ہے اور سائلین کو میرٹ پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سائلین کیلئے میرے دفتر کے دروازے دن رات کھلے ہیں ، سائلین کسی بھی وقت اپنی شکایات بلا جھجھک درج کراسکتے ہیں ۔