عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں، حنیف عباسی

145
Federal Minister of Railways
Federal Minister of Railways

راولپنڈی۔5اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں، عمران خان حکومت میں ہو یا حکومت سے باہر یہ اس ملک کے لئے زہر قاتل ہے اوراس ملک کی معیشت اور جغرافیا ئی کے لئے نقصان دہ ہیں،بے نامی اکائونٹس کا معاملہ ایف آئی اے اور نیب کے سپرد کردیا گیا ہے،پی ٹی آئی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات ہوں گی اور کسی کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار پی ایم ایل این کے راہنما حنیف عباسی نے جمعہ کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

حنیف عباسی نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف خیراتی مال کھانے سے نا اہل نہیں ہوئے تھے بلکہ اپنے بیٹے سے تنخواہ لینے پر ان کے خلاف فیصلہ دیا گیا جبکہ عمران خان منی لانڈرنگ،بے نامی اکائونٹس اور بنی گالہ میں غیر قانو نی جائیداد بنانے پر چور ڈاکو ثابت ہوئے ۔

حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان،اسد عمر،شاہ فرمان، عامرکیانی اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کے خلاف تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بے نامی اکائونٹس سامنے آنے کے بعد عارف علوی کو مستعفی ہوناچاہیے،حکومت نے پی ٹی آئی کے 13بے نامی اکائونٹس اور 350کمپنیوں سے آنے والی رقم کے معاملہ کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اورقومی احتساب بیورو(نیب)کے سپرد کردیا ہے۔