عمران خان اپنی حکومت میں ایک بھی موٹروے نہیں بناسکا،وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی میڈیا سے گفتگو

227

کوئٹہ۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 9 دسمبر کو سکھر حیدرآباد موٹروے کا افتتاح کرینگے،عمران خان اپنی حکومت میں ایک بھی موٹروے نہیں بناسکا ، پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طور پر نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو این ایچ اے کوئٹہ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں شروع ہونے والے جو میگا پروجیکٹس پچھلی حکومت نے بند کردئیے تھے ہماری اتحادی حکومت ان پروجیکٹس کو دوبارہ شروع کررہی ہے ، گوادر ائیر پورٹ کو چین کے تعاون سے اگلے سال تک آپریشنل کر دیا جائیگا، ملک کو درپیش معاشی مشکلات سے نکالنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی معاشی ماہرین وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کام کررہے ہیں شہریوں کو جلد خوشخبری سنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طور پر نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ چمن تا کوئٹہ کراچی 790 کلومیٹر کا جلد ٹینڈر ہوگا، سندھ اور بلوچستان میں بارش و سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے آفیسران و ملازمین نے ایک مہینے تک فیلڈ میں کام کرکے متاثرہ افراد کو خوراک ، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء پہنچائیں،

انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات میں اصلاحات لاکر عوام الناس کو ریلیف پہچانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہِ پر کام کاآغاز اور گورنر بلوچستان کا تقرر جلد کردیا جائیگا۔