سرگودھا۔8فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی بابر اعوان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد اور لانگ مارچ کرنے والے جانتے ہیں کہ عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی الحاج ممتاز کاہلوں کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف لائی جانے والی تحریک عدم میں خود ان کے لوگ ساتھ نہیں تھے اب بھی ایسا ہی ہوگا ۔
یہ پہلے بھی 7مارچ کرچکے ہیں، قوم نے ان کا حشر دیکھ لیا یہ مارچ کرہی نہیں سکتے۔ ان کے چپڑاسی کے اکاونٹ سے اربوں روپے نکلتے ہیں وہ مارچ کریں گے ۔
آصف زرداری کے دورہ لاہور کے حوالے سے بابر اعوان نے کہا کہ یہ جتنے مرضی دورے کر لیں ہم اپنی مدت پوری کریں گے ۔
بلدیاتی انتخابات کے بارے میں بابر اعوان نے کہا کہ سرگودھا میں ممتاز کاہلوں ، ڈاکٹر نادیہ عزیز جیسے لیڈر موجود ہیں انشاء اللہ پورے ملک میں انہیں ٹف ٹائم دیں گے ۔