عمران خان ناکام ہوچکے ہیں ،لانگ مارچ میں ان کے ساتھ اپنے وزراء ہی موجود نہیں تھے،وزیر دفاع

106
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان ناکام ہوچکے ہیں ،لانگ مارچ میں ان کے ساتھ اپنے وزراء ہی موجود نہیں تھے،لانگ مارچ میں نا آکر عمران کی پارٹی نے ان پر عدم اعتماد کردیا ہے۔یہ بات وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے عمران خان کے ساتھ ملکر لوٹ مار کی وہ سب غائب ہوگئے ہیں۔استعفوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی استعفوں کے بارے میں سنجیدہ نہیں رہے ،اسپیکر نے ان کو بلایا ہے اب آئیں اور اپنے استعفوں کی تصدیق کریں،2014 میں بھی یہ رینگتے ہوئے گھٹنوں کے بل اسمبلی واپس آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک ریاض کے ساتھ عمران خان کا پرانا تعلق ہے، اس سے پہلے بھی دھرنوں میں ملک ریاض کھانا پہنچاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد دوبارہ آنے کی بات کرتے ہیں ،میں کہتا ہوں ضرور آئیں ہم بھی تیار بیٹھے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ جب عمران خان نے حکومت سنبھالی تھی تب بھی یہ ہی کہا کہ تیاری نہیں تھی اور اب دھرنے کے بارے میں بھی یہی کہتے ہیں کہ ہماری تیاری نہیں تھی۔