اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کا انقلاب پاکستان آئے گا اور نہ گوگی پاکستان آئے گی، عمران خان خود کو ٹیپو سلطان کہتے ہیں، ٹیپو سلطان کا سسرال اسرائیلی نہیں تھا اور جیب میں پیسہ فرنگی کا نہیں تھا، ٹیپو سلطان پچھلے دروازے سے معافیاں نہیں مانگتے تھے نہ ہی ٹیپو سلطان کے خلاف فارن فنڈنگ کا کوئی کیس زیر التواء تھا، عمران خان جلوسوں میں ہمارا گریبان اور رات کو پائوں پکڑتے ہیں۔
ہفتہ کو عمران خان کے خطاب پر ایک بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ سرکاری ہیلی کاپٹر، منرل واٹر اور چرسی تکے کھانے سے انقلاب نہیں آتے، عمران خان کا یہ کیسا انقلاب ہے جسے ہر دوسرے دن ضمانت کروانا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے بعد جمعہ والے دن احتجاج کرنے کی کال دی لیکن پاکستان کے باشعور عوام نے ان کی کال رد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ جانتے ہیں کہ آج معاشی مشکلات عمران خان کی وجہ سے ہیں، اسی وجہ سے مشکل ترین فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہمارے لئے بہت آسان تھا کہ ہم حکومت چھوڑ کر گھر چلے جاتے، ہم نے اپنی سیاسی ساکھ کی پرواہ کئے بغیر ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کئے، ہمیں یہ چیلنج پہلی مرتبہ نہیں آئے، اس سے پہلے بھی ہم ایسے چیلنجز سے نمٹ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دور میں 22، 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جب ہم نے ایٹمی دھماکے کئے تو لوگوں نے کہا کہ پابندیاں لگ جائیں گی، ہم نے ایٹمی دھماکے بھی کئے اور پاکستان کو ترقی بھی دی، ہم نے پہلے بھی چیلنجز کا سامنا کیا ہے، اب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل فیصلے پاکستان کے مفاد کو دیکھ کر کئے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان گورنر ہائوس سے اڑتے ہیں اور سرکاری پیسے سے بنائے گئے جلسہ سے خطاب فرماتے ہیں اور واپس جا کر چرسی تکے کھاتے ہیں، انقلاب اس طرح بھی نہیں آتے کہ خود چھپ جائیں اور لوگوں سے کہیں کہ باہر نکلو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے لانگ مارچ میں اپنے لوگوں سے اڑھائی منٹ کی تقریر کی، لوگ اڑھائی دن سے اپنا سامان لے کر اسلام آباد آ رہے تھے اور یہ اڑھائی منٹ کی تقریر کر کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر رخصت ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صبح بڑھکیں مارتے ہیں اور شام کو پچھلے دروازے سے آ کر معافیاں مانگتے ہیں اور کہتے ہیں مجھے این آر او دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹیپو سلطان بننے سے پہلے اپنا کردار دیکھیں، عمران خان شہباز شریف کی طرح صبح سویرےاٹھتے تو آج ملک میں مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور معاشی تباہی نہ ہوتی، شہباز شریف پوری محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ایک مرتبہ پھر خوشحال پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود سوتے رہے، وہ بنی گالا سے باہر نہیں نکلتے تھے، عمران خان کو چلہ کاٹنے کے بعد جو حکم ملتا وہ کام کرلیتے، عمران خان کہتے ہیں شہباز شریف ترکی کیوں گئے، وہ اس لئے گئے کہ آپ نے ترکی کے بزنس مینوں سے جو سلوک کیا ، اس پر مرہم رکھنے گئے، وہ بتانے گئے کہ یہ پاکستان کا رویہ نہیں تھا، پاکستان کے لوگ پیار کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کے اندر کی آمریت تھی کہ اس نے ہر ایک کو ناراض کیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا کوئی ایسا دوست نہیں جو مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل پر پاکستان کے ساتھ کھڑا نہ ہو لیکن عمران خان نے ہر ایک کو ناراض کیا۔ اب ہر ایک کے گھر جانا پڑ رہا ہے اور بتانا پڑ رہا ہے کہ پاکستانی اپنے دوستوں کی قدر کرتے ہیں، ہم نے ترکی میں بھی عمران خان کے کئے گئے نقصانات کو مرمت کرنے کی کوشش کی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان انقلاب کبھی سرکاری ہیلی کاپٹروں پر نہیں آئے، بنکروں میں چھپ کر نہیں آئے، عمران خان نے ضمانت لے لی ہے کہ کہیں انہیں پکڑ نہ لیا جائے، انقلاب لانے والے جیلوں سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ٹیپو سلطان دیکھا ہے جو اپنا گھر چھوڑ کر بھاگ گیا ہے، عمران خان خود چھپ گئے ہیں اور لوگوں سے کہتا ہے کہ باہر نکلو، عمران خان کچھ دن بعد اسی طرح کا ایک اور این آر او مانگیں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف محنت کر رہے ہیں، نواز شریف کا حکم ہے کہ پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنا ہے، انشا اللہ پاکستان مشکل حالات سے نکلے گا، ہم نے مشکل فیصلے خوشی سے نہیں کئے، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر ایسے فیصلے کئے، عمران خان نے جو معاہدے کئے ان کی وجہ سے قیمتیں آج یہاں پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ڈالر کی قیمت نہ بڑھتی تو آج پٹرول اور گیس کی قیمت بھی نہ بڑھتی اور مہنگائی بھی نہ ہوتی، آئی ایم ایف کا معاہدہ بھی عمران خان کے دور میں ہوا، عمران خان نے معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں آسانیاں پیدا ہوں گی، نواز شریف کا حکم ہے کہ غریب آدمی کا چولہا جلتا رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تم جو مرضی کرتے رہو، سرکاری ہیلی کاپٹروں میں اڑو، عینکیں لگائو، چرسی تکے کھائو، تم انقلاب نہیں لا سکتے۔ عمران خان ضمانتوں سے انقلاب نہیں آتا، بہادر بنو، جعلی بہادری سے انقلاب نہیں آئے گا۔