عمران خان کا رونا، پیٹنا اور چیخنا این آر او کے لئے ہے، انہوں نے جو گل کھلائے وہ قوم کے سامنے آ چکے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے بیان پر ردعمل

226

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا رونا، پیٹنا اور چیخنا این آر او لینے کے لئے ہے، عمران خان نے جو گل کھلائے ہیں وہ قوم کے سامنے آ چکے ہیں، کسی نے کوئی چوری کی تھی تو چار سال میں الزام ثابت کرتے، حقیقی آزادی اب صرف زہریلے اور سازشی فتنے سے آزادی ہے۔

بدھ کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب ! الزام ثابت کیوں نہیں کئے؟ ثبوت کیوں نہیں دیئے، چار سال آپ نے جو کیا ہے وہ ذرا عوام کو بتا دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اتنی عجلت اور پریشانی کیوں ہے؟ عمران خان اب چور چور اور حقیقی آزادی کی گردان کرتے ہوئے ذہنی مریض لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کل کروں گا، آج کروں گا، کل تاریخ دوں گا، آج تاریخ دوں گا، پکی جھوٹی عادتیں نہیں جاتیں۔