عمران خان کی قیادت میں معیشت کی بحالی پر اپوزیشن پریشان ہے ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

177
Firdous Ashiq

لاہور۔3جون (اے پی پی):معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کو خصو صی الا ئونس دینے کی منظوری دی گئی ہے،اس فیصلے کے تحت7لاکھ 21 ہزار سے زائد صوبائی ملازمین اور افسروں کو یکم جون 2021 سے 25فیصد خصوصی الا ئونس دیا جائے گا،پنجاب حکومت تنخواہوں میں ا ضافے کی مد میں ماہانہ 2.4ارب روپے او رسالانہ تقریباً 29ارب روپے خرچ کرے گی۔یہ بات معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال کے شہریو ںکو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دینے کی باضابطہ منظوری دی اور 7 اضلاع کے تمام شہریو ںکو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کےلئے 7.1ارب روپے کے فنڈز منظور کئے ۔

وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پنجاب کی پوری آبادی کو ہیلتھ انشورنس ملے گی ۔اس ضمن میں محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اس سال دسمبر تک پنجاب میںہر خاندان کو ہیلتھ کارڈزکی فراہمی یقینی بنائی جائے- معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے پنجاب بورڈ آف ریونیو ایکٹ 1957 میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔ اس ترمیم سے ریونیو سے متعلقہ کیسوں پر دوسری نظر ثانی کی اپیل کاحق نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے حافظ آباد، ساہیوال، اوکاڑہ ،پاکپتن او ردیگر اضلاع میں جو لوگ آفت کا شکار ہوئے ان کو فوری طور پرمالی امداد دی جائے گی۔

ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ کابینہ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دیتے ہوئے میرٹ میں پہلے نمبر پر عمران امین کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میںوزیراعظم نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس سے مستثیٰ قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے 122سال بعد سٹمپ ایکٹ 1899ا میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے بورڈ آف ریونیو کو پرائیویٹ ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کے آڈٹ کا اختیار دیا ہے۔اجلاس میں پنجاب آرمز رولز 2017ءمیں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت اسلحہ لائسنس کی ٹرانسفر اورموڈی فکیشن کے اختیار اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5سال پرانی پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا اور3ویلر موٹر سائیکل رکشہ کوٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ چوری، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں موٹربائیک کے استعمال کے پیش نظر موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن اور خرید و فروخت کے لئے بائیو میٹرک سسٹم اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے۔ کابینہ نے محکمہ سوشل ویلفیئر میں 222ملازمین کو ریگولر بذریعہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کرنے کی اجازت دی ہے۔اجلاس میں وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجراءکو آسان بنانے کے لئے ا ہم ا قدام کرتے ہوئے وراثتی سرٹیفکیٹ کا ا جرا نادرا سنٹرز سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے بتایا کہ کابینہ نے پانی کے ایشو پر پوائنٹ سکورنگ کرنے پر سندھ حکومت کے موقف کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے خلاف میڈیا میں پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب سندھ کا حق مار رہا ہے اور اِرسا معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ہم اس سوچ کی نفی کرتے ہیں۔ پنجاب ہمیشہ بڑا بھائی ہونے کا حق ادا کرتا رہا ہے مگر ہم کسی کو اپنے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن پریشان ہے کہ جس معیشت کو انہوں نے تباہ کیا حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اسے بحال کرنے میں کامیاب کیسے ہو گئی ۔

حکومت نے نہ صرف معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا بلکہ عوام کو ریلیف دینے کے قابل بنایا۔ پی ڈی ایم کے لوگ مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم میں سے ”پی“ نکل چکی ہے صرف ڈکیت موومنٹ باقی ہے۔ چچا بھتیجی پہلے ن لیگ بمقا بلہ ش لیگ سے فارغ تو ہو جائیں پھر حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کریں۔ جو گیارہ جماعتیں مل کر اپوزیشن نہیں کر سکیں وہ حکومت کیسے کریں گی؟ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر اور نذیر چوہان دونوں پی ٹی آئی فیملی کا حصہ ہیں۔ دونوںافہام و تفہیم سے پارٹی میں بیٹھ کر مسئلے حل کریں نہ کہ میڈیا کی سکرین پر۔ ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر دباﺅ صرف عوام اور ان کی توقعات کا ہے۔ اپوزیشن اپنی بدحالی میں مست ہے وہ ہمیں کیا پریشرائز کرے گی۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اورالیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔