فیصل آباد ۔ 05 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی کی گرفتاری کے متعلق وہ اس کے علاوہ کچھ نہیں کہیں گے کہ یہ مکافات عمل اوراس کے اپنے بغض، تکبرو انتہاپسندی کا نتیجہ ہے،یہ قانونی و عدالتی فیصلہ ہے جس میں اسے 4 ماہ سے ریلیف مل رہا تھا،ڈسٹرکٹ جج انہیں 7 ماہ سے مکمل موقع دے رہے تھے کہ وہ آکر اپنی صفائی پیش کریں مگر عمران خان تلاشی سے فرار ہوتا رہالہٰذا عدالت نے اس بنا پر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اپنا فیصلہ دیااورچونکہ یہ فیصلہ ایک سسٹم کے تحت ہوااسلئے اس پر کوئی احتجاج نہیں بنتاجبکہ صرف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔
وہ ہفتہ کی شام زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ذہین طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ کلچر عمران خان نے قائم کیا جو آج تک رائج ہے لہٰذا اسے چاہئے کہ وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کرے اگر سچا ثابت ہوا تواسے رہائی مل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نیازی نے چوری کا پیسہ اکٹھا کیا اس میں کوئی شک نہیں بلکہ ابھی تو نیب نے منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ بھی دیناہے اسے اسکا حساب بھی دینا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن مکمل طور طریقے کے ساتھ اپنے وقت پر ہوں گے اورمردم شماری میں خدشات دور کرکے الیکشن کمیشن الیکشن کروائے گا۔انہوں نے کہا کہ نہ ہم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں از خود اضافہ کیا اور نہ بجلی کے بلوں میں اضافہ کیا ہے بلکہ یہ آئی ایم ایف نے کروایا ہے اورملک کو بچانے کیلئے ہمیں آئی ایم ایف کی بات ماننی پڑی کیونکہ اگرآئی ایم ایف کی بات نہ مانتے تو ملک نیچے چلا جاتا،اس معاہدہ کا ذمہ دار عمران خان ہے جس نے ایسے معاہدے کئے،اس کو لانے کی کیا ضرورت تھی جسکی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچا۔
رانا ثنااللہ خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے اوراس بار حکومت میاں نواز شریف ہی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری مکمل قانونی طور پر ہوئی اسلئے اگر اسے کوئی اعتراض ہے تو اعلیٰ عدالتی فورم اس کیلئے موجود ہے،6 سے 7 ماہ میں اس کوکئی بار موقع دیاگیا لیکن چونکہ یہ خود چور تھااسلئے تلاشی سے بھاگتا رہا جس پر کورٹ نے تمام تقاضے پورے کرکے آزادانہ فیصلہ سنادیا۔انہوں نے کہا کہ اس گرفتاری پر احتجاج کی کوئی بات ہی نہیں،عمران خان نے سیاست میں اوئے توئے کے کلچرکی بنیاد رکھی
،اب اس پرتوشہ خانہ کی چوری ثابت ہوئی،اس نے اثاثوں کوکا غذات نامزدگی میں شو نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ3 دن بعد اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی اورنگران سیٹ اپ ملک میں شفاف، آزادانہ و منصفانہ الیکشن کروائے گا۔راناثنااللہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ جلد ہوجائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو بھی سخت فیصلے ہوئے وہ سارے اضافے آئی ایم ایف کے تحت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ31 مئی 2018 میں لوگوں کا جینا مشکل نہیں ہورہاتھاجس طرح اب ہوگیا ہے لیکن اب بھی نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن)ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی نہیں لگنی چاہئے بلکہ اس فتنے پر پابندی لگنی چاہیے جو اس ملک میں تباہی کا ذمہ دارہے چاہے وہ تباہی ملک میں ہو یا ملک سے باہر۔انہوں نے کہا کہ جب بھی الیکشن ہوں مسلم لیگ(ن) اس کیلئے ہر وقت تیار ہے۔