راولپنڈی۔16جولائی (اے پی پی):زیارت کےعلاقہ ورچوم میں عمر جاوید کی بازیابی اوراغوا کے منصوبہ سازوں کے خلاف جاری آپریشن میں دہشت گردوں کے ایک اورٹھکانے کا پتہ چلا لیا گیا اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے اس علاقے کو کلیئر کروا لیاگیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیاگیا۔
اس ٹھکانے کو کلیئر کرنے کے بعد پورے علاقہ کی تلاشی لی گئی تاہم بدقسمتی سے ورچوم سے پانچ کلومیٹر خلیفت نامی پہاڑیوں کی طرف جانے والے قریبی نالہ سے عمر جاوید کی لاش ملی ہے۔
تمام صورتحال کے جائزہ سے پتہ چلا کہ دہشت گردوں نے عمر جاوید کو اغوا کے فوری بعد شہید کردیا تھا۔ اغوا کے 3 یا 4 مفرور منصوبہ سازوں کی گرفتاری کیلئے پورے علاقہ میں آپریشن جاری ہے۔ پاکستان آرمی قوم کے شانہ بشانہ ہے اور اس نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کا عزم کررکھا ہے۔