کوئٹہ۔ 17 اپریل (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)پارٹی قائدمیاں نوازشریف کے عوامی خدمت کے ویژن کی تکمیل اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے،وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی مد میں رقم کو بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کرنے کا اعلان ایک احسن اقدام ہے جس سے بلوچستان بھی ترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں کے برابر آجائے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتےہوئے کیا ۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حاصل ہونے والے فوائد سے بلوچستان میں چمن،کوئٹہ،کراچی این 25شاہراہ کی تعمیر، کچھی کینال فیز ٹو پر کام سے صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ چمن،کوئٹہ،کراچی این 25شاہراہ سنگل ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات میں ابتک سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ،شاہراہ کی تکمیل سے جہاں لوگوں کوسفر کی بہترین سہولت میسر آئے گی وہیں حادثات میں بھی کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں محمدنواز شریف، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور(ن) لیگ کی وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے چمن،کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیر اور کچھی کینال منصوبے بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبات تھے جن پرعملدرآمد سے بلوچستان ترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں کے برابرآجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جب بھی برسراقتدار آئی ہے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پر خصوصی توجہ دی ہے انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کا شمار بھی ترقی یافتہ صوبوں میں ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583527